ای وی ایم مشین کو نقصان ، آندھراپردیش میں دو عہدیدار معطل

   

لوک سبھا اور اسمبلی کیلئے رائے شماری کے علحدہ انتظامات، چیف الیکٹورل آفیسر مکیش کمار مینا کی کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کے ماچرلہ اسمبلی حلقہ میں رکن اسمبلی کی جانب سے ای وی ایم مشین کو تباہ کرنے کے واقعہ کا سختی سے نوٹ لیا ہے ۔ اس واقعہ کے بارے میں کمیشن کو بروقت اطلاع نہ دینے پر پریسائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسر کو معطل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف الیکٹورل آفیسر آندھراپردیش مکیش کمار مینا نے بتایا کہ ای وی ایم مشین کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار رکن اسمبلی رام کرشنا ریڈی کی گرفتاری کیلئے پولیس کی 8 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس معاملہ میں سنجیدہ ہیں اور رکن اسمبلی کی جلد گرفتاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ مشین کو نقصان پہنچانے سے روکنے والے تلگو دیشم کارکنوں کو رکن اسمبلی کی جانب سے دھمکیاں دینے کا معاملہ سنگین نوعیت کا ہے ۔ پولیس کو اس سلسلہ میں سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ماچرلہ کے پالوائے گیٹ پولنگ اسٹیشن میں رکن اسمبلی نے داخل ہوکر ای وی ایم مشین کو نقصان پہنچایا تھا ۔ اس بارے میں ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے سخت نوٹ لیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ ای وی ایم مشینوں کی حفاظت کے سلسلہ میں اسٹرانگ رومس پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مکیش کمار مینا نے کہا کہ تمام ضلع کلکٹرس کو 4 جون کی رائے شماری کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے متاثرہ اضلاع میں نتائج کے اعلان کے بعد بھی چوکسی برقرار رہے گی اور مرکز کے نیم فوجی دستے تعینات رہیں گے۔ مکیش کمار مینا نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے رائے شماری کے انتظامات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی حفاظت کا جائزہ لیا۔ 1