ای وی ایم کی جانچ کیلئے الیکشن کمیشن کو 11 درخواستیں وصول

   

تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بشمول 8 لوک سبھا حلقے شامل
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) انتخابی نتائج کے بعد الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشینوں کے مائیکرو کنٹرولر اور میموری کی جانچ کے سلسلہ میں 11 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 ریاستوں کے 8 پارلیمانی حلقوں کے علاوہ آندھراپردیش اور اڈیشہ کی 3 اسمبلی نشستوں کے شکست خوردہ امیدواروں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے سسٹم میں خرابی کی جانچ کرنے کے لئے باقاعدہ درخواستیں داخل کی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 26 اپریل کے احکامات میں امیدواروں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے مائیکرو چپس کی جانچ کے لئے درخواستیں داخل کرنے کی اجازت دی ہے۔ بی جے پی، کانگریس کے دو، دو اور وائی ایس آر کانگریس کے تین امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں۔ بی جے ڈی اور ڈی ایم ڈی کے پارٹی کے ایک ایک امیدوار نے الیکشن کمیشن میں درخواست داخل کی۔ جن پارلیمانی حلقوں کے ووٹنگ مشینوں کی جانچ کے لئے درخواست دی گئی اُن میں آندھراپردیش کا وجئے نگرم، چھتیس گڑھ کا کانکر، ہریانہ میں کرنال اور فریدآباد، مہاراشٹرا میں احمد نگر، ٹاملناڈو میں ویلور اور ویرودھو نگر اور تلنگانہ کا ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ شامل ہے۔ آندھراپردیش میں اونگول اور گجپتی نگر کے 26 پولنگ اسٹیشنوں کے ای وی ایم مشینوں کی جانچ کی درخواستیں داخل کی گئیں۔ امیدواروں کو ایک ای وی ایم مشین کی جانچ کے لئے 47200 روپئے ادا کرنے ہوں گے اور یہ رقم ای وی ایم مشین میں کسی خرابی کا پتہ چلنے کی صورت میں واپس کردی جائے گی۔ 1