ای ڈی نے روہت پوار کی جائیداد ضبط کر لی

   

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے رکن اسمبلی روہت پوار کی 50 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ روہت پوار شرد پوار کے پوتے ہیں۔ ای ڈی نے جمعہ کو کہا کہ اورنگ آباد (چھترپتی سمبھاجی نگر) کے کنڑ گاؤں میں واقع کنڑ سہکاری ساکھر کارخانہ لمیٹڈ (کنڑ ایس ایس کے) کی 161.30 ایکڑ زمین، شوگر پلانٹ، مشینری اور عمارت کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت قرق کیا گیا ہے۔ ای ڈی نے مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کے ذریعہ بارامتی ایگرو لمیٹڈ کو شوگر ملوں کی غیر قانونی فروخت سے متعلق ایک مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں یہ کارروائی کی ہے۔ روہت پوار بارامتی ایگرو لمیٹڈ کے سی ای او ہیں۔ جائیدادوں کو پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کیس کے تحت عارضی طور پر ضبط کیا گیا ہے، جس کی ای ڈی کرجت۔ جامکھیڈ کے ایم ایل اے روہت پوار کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔
اگنی ویر بھرتی کیلئے 22 مارچ تک آن لائن درخواست
چمپاوت؍نینی تال: اگنی ویر بھرتی کا عمل سال 2024-25 کیلئے کماؤن، اتراکھنڈ میں شروع ہوا ہے اور اس کی آخری تاریخ 22 مارچ 2024 ہے ۔ فوج میں شمولیت کے خواہشمند نوجوان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ پتھورا گڑھ کے آرمی ریکروٹمنٹ آفس سے موصولہ اطلاع کے مطابق نئے مالی سال 2024-25 کیلئے اگنی ویر بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے نوجوان www.joinindianarmy.nic.in پر خود کو آن لائن رجسٹر کروا سکتے ہیں۔