ای ہراج کے دوسرے دن ایچ ایم ڈی اے کو 333 کروڑ کی آمدنی

   

اپل بھگیات لے آؤٹ
بڑے سائز کے پانچ کمرشیل پلاٹس فروخت نہیں ہوئے

حیدرآباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) اپل بھگیات لے آؤٹ میں ہراج کے دوسرے دن جمعہ کو 50,400 مربع گز رقبہ کے بڑی سائز کے پانچ کمرشیل پلاٹس فروخت نہیں ہوئے۔ اس ای ہراج کے دوسرے دن 21 پلاٹس میں 16 پلاٹس (65,247 مربع گز) کا ہراج ہوا جس سے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) کو 333 کروڑ کی آمدنی ہوئی۔ مجموعی طور پر کمبائنڈ ای ۔ آکشن کے دونوں دن 44 کے منجملہ 39 پلاٹس کا ہراج کیا گیا اور اس طرح جملہ ریونیو 474.61 کروڑ حاصل ہوا۔ ایچ ایم ڈی اے نے شہر کے مشرقی حصہ میں اپل بھگیات لے آؤٹ میں 1,35,408 مربع گز سے زائد رقبہ پر پھیلے ہوئے 44 ڈیولپڈ پلاٹس کا ای۔ ہراج شروع کیا۔ جمعہ کو 21 پلاٹس کو ای ہراج کیلئے پیش کیا گیا جس میں 16 پلاٹس کا ای۔ ہراج ہوا۔ یہ ہراج ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے مرکزی حکومت کے ادارہ MSTC کے ذریعہ کیا گیا۔ اس میں زیادہ سے زیادہ بولی 72,000 روپئے فی مربع گز اور کم سے کم بولی 36,000 روپئے فی مربع گز لگائی گئی۔ جمعرات کو چھوٹے تا اوسط سائز کے 23 پلاٹس کے ای ہراج سے 141.65 کروڑ روپئے کا ریونیو حاصل ہوا تھا۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے بتایا کہ بڑی سائز کے پانچ کمرشیل پلاٹس جن کا اس ہراج کے آخری حصہ میں ہراج کیا گیا فروخت نہیں ہوئے۔ وہ کمرشیل پلاٹس کیلئے بولی لگانے والوں کے نہ ملنے کی وجوہات کا جائزہ لیں گے اور دیکھیں گے کہ اس کے اسباب کیا ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے ان کمرشیل پلاٹس کے سائز کو کم بھی کیا جاسکتا ہے اور چھوٹے پلاٹس بنائے جاسکتے ہیں تاکہ انہیں خریدنے والے زیادہ ہوں۔ پہلے سیشن میں 229.45 کروڑ اور دوسرے سیشن میں 103.54 کروڑ روپئے اس طرح جمعہ کو پلاٹس کے ہراج کے ذریعہ جملہ 333 کروڑ روپئے تک ریونیو حاصل ہوا۔