بھارت جوڑو یاترا میں اقلیتوں کی بھاری تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری فرحان اعظمی نے سینئر قائد اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے استحکام پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اقلیتوںکو کانگریس سے قریب کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میں اقلیتوں کو کانگریس سے قریب لانے کیلئے میناریٹی ڈپارٹمنٹ کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں اقلیتوں کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے وہ حیدرآباد کے دورہ پر ہیں اور میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرچکے ہیں۔ فرحان اعظمی نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتیں ٹی آر ایس حکومت سے ناراض ہیں کیونکہ کے سی آر نے انتخابی وعدوں سے انحراف کرلیا۔ فرحان اعظمی نے مسلم تحفظات کیلئے محمد علی شبیر کی خدمات کو سراہا اور سپریم کورٹ میں موثر پیروی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے تحفظات کی تاریخ پر مشتمل کتاب فرحان اعظمی کے حوالے کی۔ دونوں قائدین نے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اقلیتوں کے پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ بھارت جوڑو یاترا میں اقلیتوں کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ر