پریاگ راج:19 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو) میں کیمپس کے اندر طلبہ پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کے ضمن میں داخل مفاد عامہ کی عرضی پرسماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست کی یوگی حکومت سے ایک ہفتے کے ا ندر جواب طلب کیا ہے ۔ کورٹ اس معاملے کی سماعت 02 جنوری کو کرے گا۔چیف جسٹس گوند ماتھر اور جسٹس وویک ورما کی بنچ نے الہ آباد کے محمد امان خان کی پی آئی ایل پر جمعرات کو یہ ہدایت دیا۔وہیں دوسری جانب ریاستی حکومت کی جانب سے پی آئی ایل کی صحت پر سوال اٹھائے ہیں۔حکومت کے مطابق اگر ہاسٹل کو زبردستی خالی کرایا گیا ہے تو کوئی متأثرہ طالب علم نے عدالت کا دروازہ کیوں نہیں کھٹکھٹایا۔یہ الزام کی کچھ طالب علم لاپتہ ہیں ایسے طلبہ کے اہل خانہ عدالت کیوں نہیں گئے ۔ عرضی میں من مانی اور بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں۔حالانکہ عدالت نے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج پر حکومت سے جواب طلب کیا ہے ۔ عرضی گذار کا کہنا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ طلبہ مولانا آزاد لائبریری کے نزدیک گیٹ کے اندر موجود تھے اور باہر پولیس نے بیریکیٹنگ کر رکھی تھی۔ پولیس طلبہ کو مشتعل کررہی تھی۔