اے پی ایس آر ٹی سی کے ایم ڈی کا اچانک تبادلہ

   

حیدرآباد /25 ستمبر ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے آج ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے غیر متوقع طور پر اچانک منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر این وی سریندر بابو کا تبادلہ کردیا اور ان کے احکامات تبادلہ جاری کرتے ہوئے حکومت نے انہیں( مسٹر سریندر بابو ) ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آفس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی اور پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر کرشنا بابو کو آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدے کی زائد ذمہ داری سونپی گئی ۔ علاوہ ازیں حکومت نے سکریٹری محکمہ ہینڈلوم اینڈ ٹیکسٹائلس مسٹر سرینواس سری نریش کا بھی تبادلہ کرکے ا نہیں بھی ریاستی محکمہ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی اور چیف منسٹر آفس سکریٹری مسٹر جے مرلی کو ہینڈلوم اینڈ ٹکسٹائلس سکریٹری کی زائد ذمہ داری سونپی گئی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے اے پی اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے عہدے پر مسٹر جے این وی سبرامنیم کا تقرر کیا ہے ۔ مسٹر سبرامنیم ریاست آسام سے ڈیپوٹیشن پر ریاست آندھرا پردیش میں تعینات کئے گئے ہیں ۔