حیدرآباد 31اگست(یواین آئی )اے پی میں استری شکتی اسکیم کے تحت چلنے والی پانچ اقسام کی بسوں میں خواتین کے مفت سفر کی سہولت کو مزید وسعت دی گئی ہے ۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اب وہ بسیں بھی اس اسکیم کے دائرے میں آئیں گی جن میں گراؤنڈ بکنگ ٹکٹ جاری ہوتے ہیں۔ کچھ بسیں کنڈکٹر کے بغیر صرف دو یا تین اسٹینڈس پر رکتی ہیں اور ٹکٹ وہیں جاری کیے جاتے ہیں، اب ان بسوں میں بھی خواتین بلا معاوضہ سفر کرسکیں گی۔ پلے ولگو، الٹرا پلے ولگو اور ایکسپریس بسوں میں خواتین کے مفت سفر کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ اسی طرح سِمہاچلم پہاڑی پر جانے والی سٹی بسوں میں بھی یہ اسکیم نافذ ہوگی۔ آر ٹی سی حکام نے دیوستھانم ای او کو مکتوب لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ان بسوں پر “گھاٹ ٹول فیس” نہ لی جائے ۔ آر ٹی سی کے مطابق ریاست بھر میں تروملا گھاٹ کے علاوہ 39 گھاٹ سڑکوں پر بسیں چل رہی ہیں اور ان تمام میں خواتین کو بلا معاوضہ سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔