امراوتی 4 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں شراب کی دوکانات کو کھولنے اور لاک ڈاون قوانین میں نرمی کے بعد افرا تفری کی صورتحال پیدا ہوگئی کیونکہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شراب کی دوکانات کے باہر جمع ہوگئے اور انہوں نے سماجی دوری کے اصولوں کی کوئی پرواہ نہیں کی اور ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کرنے لگے ۔ نیلور ضلع سے ملی اطلاع کے بموجب ایک شخص اس ہجوم میں گر کر سن اسٹروک کی وجہ سے فوت ہوگیا ۔ تاہم سپرنٹنڈنٹ پولیس بھاسکر بھوشن نے ایسے کسی واقعہ کی تردید کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی شراب کی دوکانات کے کمپیوٹرس میں فنی خرابی کی وجہ سے بھی شراب کی فروخت میں کافی تاخیر ہوئی ۔ سرحدی اضلاع چتور ‘ نیلور ‘ مشرقی گوداوری اور کرشنا میں پڑوسی ریاستوں ٹاملناڈو اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی پہونچ گئے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہوگئے ۔ ہجوم اتنا زیادہ تھا کہ کچھ مقامات پر ہجوم کو قابو میں کرنے کیلئے فروخت کو روکنا پڑا ۔تمام ہی مقامات پر سماجی فاصلے کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ دیا گیا تھا ۔
