اے پی میں انا کینٹین کے قیام پر توجہ

   

چیف منسٹر نائیڈو نے افتتاح کیا ۔ بھونیشوری کا 1 کروڑ کا عطیہ
حیدرآباد 15 اگسٹ ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو نے اپنی شریک حیات این بھونیشوری کے ساتھ گڈی واڑہ میونسپک پارک میں انا کینٹین کا افتتاح انجام دیا ۔ یہاں پہونچنے پر چیف منسٹر اور ان کی شریک حیات کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر چندرا بابو نائیڈو نے خود وہاں آنے والے عوام کو کھانا پیش کیا اور بعد ازاں کچھ افراد کے ساتھ خود بھی لنچ کیا ۔ وہاں موجود عوام کے ساتھ انہوں نے خوشگوار انداز میں بات چیت کی ۔ انہوں نے عوام سے انا کینٹین میں کھانے کے تجربہ کے تعلق سے سوالات بھی کئے ۔ ان کی رائے اور تجاویز حاصل کی ۔ اس پہل کے تحت ریاست بھر میں 100 انا کینٹین قائم کئے جا رہے ہیں جہاں تغذیہ بخش غذا عوام کو 5 روپئے میں فراہم کی جا رہی ہے ۔ بھونیشوری نے بھی اس طرح کے کینٹین کھولنے کی اہمیت پر زورد یا اور انہوں نے اس پروگرام کو وسعت دینے کیلئے ایک کروڑ روپیہ عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق پی نارائنا کو یہ چیک پیش کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے اس طرح کے مزید کینٹین قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ہمیشہ تلگودیشم کا ساتھ دینے پر گڈی واڑہ کے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔