اے پی میں تلگو دیشم کو دوبارہ بھاری اکثریت متوقع

,

   

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کوکامیابی ، لگڑا پاٹی راجگوپال کا انتخابی سروے
حیدرآباد۔19مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق رکن پارلیمنٹ لگڑاپاٹی راج گوپال جو انتخابی نتائج کے سروے کیلئے مشہور ہیں،نے پیش گوئی کی ہے کہ اے پی اسمبلی انتخابات میں حکمران جماعت تلگودیشم کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہاکہ وہ اتوار کی شام ہی اگزٹ پولس کے سروے کے نتائج جاری کریں گے ۔انہوں نے اس با ت کا بھی اشارہ دیا کہ بھاری اکثریت کے ساتھ تلگودیشم اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہوگی اوراقتدار پر قبضہ برقراررکھے گی۔انہوں نے کہاکہ اے پی کے رائے دہندوں نے سائیکل (تلگودیشم کا انتخابی نشان)کو ترجیح دی ہے جبکہ تلنگانہ کے عوام نے معمول کے مطابق کا ر (ٹی آر ایس کا انتخابی نشان)کاانتخاب کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اداکار سے سیاستداں بنے پون کلیان کی جناسینا پارٹی کو ان کے بھائی چرنجیوی کی پارٹی پرجا راجیم کو 2009ء میں ملی 16نشستوں سے کم نشستیں ملیں گی۔راج گوپال کے دسمبر میں منعقدہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے سروے نتائج غلط ثابت ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا بھی کل انکشا ف کریں گے کہ ا ن کی پیش گوئی کیوں غلط ثابت ہوئی۔انہوں نے کہاکہ اے پی میں معلق اسمبلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور عوام نے واضح طورپر تلگودیشم کے حق میں رائے عامہ دی ہے ۔

ایگزٹ پول کا مطلب ’ایگزاٹ پول‘ نہیں: وینکیا
حیدرآباد۔ 19 مئی (پی ٹی آئی) نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو نے ایگزٹ پول کا مذاق اڑاتے ہوئے اتوار کو برجستہ کہا کہ ’ایگزٹ پول دراصل ایگزاٹ پول (حقیقی نتائج )نہیں ہوتے‘۔ نائیڈو نے گنٹور میں انہیں تہنیت پیش کرنے والے بہی خواہوں کے غیررسمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’1999ء سے اکثر ایگزٹ پول غلط بھی ثابت ہوئے ہیں۔ عام انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر جماعت اپنی کامیابی کا یقین ظاہر کرتی ہے۔ 23 مئی تک لوگ اپنے اندازوں کا اظہار کرتے ہیں اور آپ ووٹوں کی گنتی کا انتظار کیجئے۔