اے پی میں صورتحال قابو سے باہر ، چندرابابو کا عوام کے نام مکتوب

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 11 جون ( یو این آئی) آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے دعوی کیا کہ ریاست میں صورتحال قابو سے باہر اور وائی ایس آرکانگریس حکومت کے ہاتھوں خطرناک ہوگئی ہے ۔انہوں نے ریاست کے عوام کو کھلامکتوب روانہ کیا اورکارپوریشنس میں بدانتظامی،رشوت خوری اور گروہ واریت پرتشویش کااظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ قابل غور بات ہے کہ وائی ایس آرکانگریس کے دور میں آمدنی میں اضافہ ہوا ہے تاہم فلاحی اسکیمات میں کمی کرتے ہوئے حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کسانوں کے مسائل کو حل نہیں کررہی ہے ،غریبوں کی فلاحی اسکیمات کو روکا جارہا ہے اور کورونا وائرس کی روک تھام میں حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے بجلی کے بلز،شراب،ریت اور سمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔بے روزگاری میں کافی اضافہ ہوا ہے اور تقریبا1.8لاکھ کروڑروپئے کی سرمایہ کاری واپس ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس ایک سالہ دور حکومت کی کوتاہیوں کو دور کرنے میں ناکام ہوگئی اور اپوزیشن کو نشانہ بنارہی ہے ۔انہوں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نیلور میں مسلم لیڈروں کے مکانات کو منہدم کیاگیااور پلناڈومیں دہشت کی طرح صورتحال پیدا کی۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں دہشت پیدا کی گئی اور ظلم کیاگیا۔