اے پی میں کورونا وائرس کے مثبت کیس کی تعداد 348 ہوگئی

,

   

کرنول 75 کیسس کے ساتھ سرفہرست، گنٹور میں 49اور نیلور میں 48 متاثر

امراوتی۔/8 اپریل، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں خوفناک وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جہاں چہارشنبہ کو19 نئے کیسیس کے انکشاف کے ساتھ مجموعی تعداد 348 تک پہنچ گئی۔ اس دوران وشاکھاپٹنم کے دواخانہ میں صحت یاب ہونے والے 3 مریضوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ منگل سے ریاست میں متاثرین کی فہرست میں 34 کا اضافہ ہوا ۔ صحت یابی کے بعد ڈسچارج ہونے والوں کی تعداد 9 بتائی گئی ہے۔ اس وباء سے فوت ہونے والوں کی تعداد 4 ہے اور 335 مریض زیر علاج ہیں۔ اننت پور میں ایک 64 سالہ شخص جو کورونا وائرس مثبت پایا گیا تھا 4 اپریل کو فوت ہوگیا لیکن اس کا بیٹا رابطہ میں آنے کے سبب وباء سے متاثر ہوا ہے۔ اننت پور ہاسپٹل میں اس مریض کے رابطہ میں آنے کے سبب بشمول ایک ڈاکٹر میڈیکل اسٹاف کے 4 ارکان متاثر ہوئے تھے۔ یہ 64 سالہ شخص سعودی عرب کے شہر مکہ سے واپسی کے بعد کورونا وائرس مثبت پایا گیا تھا۔ کرنول بدستور متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے سرفہرست ہے جہاں 75 کیسیس پائے گئے ہیں۔ گنٹور اچانک دوسرے مقام پر پہنچ گیا جہاں 49 افراد کورونا وائرس مثبت پائے گئے ہیں۔ نیلور 48 کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے تاہم سریکاکولم اور وجیا نگرم کا ریکارڈ بالکل صاف ستھرا ہے جہاں ایک بھی مریض نہیں پایا گیا۔

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 13افراد گرفتار
حیدرآباد۔/8اپریل، (سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کی طرف سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے 13 افراد کو کیسرا پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جو تعمیراتی کام میں مصروف تھے۔ اس واقعہ کا اُسوقت پتہ چلا جب کیسرا پولیس کی پٹرولنگ ٹیم اس علاقہ سے گذر رہی تھی۔60 سالہ آر پنٹیا اور 63 سالہ راملو جو پلاٹ کے مالکین بتائے گئے ہیں ،11مزدوروں کی مدد سے تعمیری کام جاری رکھے ہوئے تھے۔