اے پی میں کورونا پھیلاو کی صورتحال قابو میں

,

   

۔60 تا 70 فیصد مریضوں میں علامات نہیں : چیف سکریٹری ہیلت
امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں گذشتہ ایک ماہ میں 14,000 کا اضافہ ہوا ہے تاہم ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ فی الحال کورونا کی وباء جس تیزی سے پھیل رہی ہے وہ نمٹنے کی حد میں ہے اور حکومت اس سے نمٹ سکتی ہے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری ( ہیلت ) کے ایس جواہر ریڈی نے کہا کہ جو اشارے مل رہے ہیں ان کے مطابق آندھرا پردیش میںاس وائرس کے پھیلنے کی رفتار حکومت کے کنٹرول میںہے اور اگر اس میں مزید شدت پیدا ہوتی ہے تو یہ قابو سے باہر ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب ریاست میں جو کورونا کیس سامنے آ رہے ہیں ان میں 60 تا 70 فیصد مریض ایسے ہیں جن میں کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم جون کے بعد کورونا کے پھیلاو کی رفتار میں جو تیزی آئی ہے وہ لاک ڈاون کے بعد بازاروں کے کھل جانے کا نتیجہ ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ لوگ ایک سے دوسری ریاست کا سفر کر رہے ہیں۔ بیرون ملک سے بھی آ رہے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کو اب قبول کرلینے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں اسی کے ساتھ زندہ رہنا ہوگا ایسے میں ہمیں چاہئے کہ ہم اس تعلق سے ممکنہ حد تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ماسک کا استعمال کریں ‘ بازاروں میں سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ وقفہ وقفہ سے ہاتھ دھوتے رہیں اور سینیٹائزر کا استعمال کرنے کے علاوہ پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد میں ایسے لوگ زیادہ ہیں جو دوسرے عوارض کا شکار ہیں۔

آندھرا پردیش میں کورونا کے 765 نئے پازیٹیو کیس
امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں آج ایک دن میں کورونا وائرس کے 765 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے نتیجہ میں ریاست میں جملہ کورونا متاثرین کی تعداد 17,699 تک جا پہونچی ہے ۔ حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں کورونا کی وجہ سے 12 اموات بھی ہوئی ہیں اور اب تک ریاست میں مہلوکین کی تعداد 218 تک جا پہونچی ہے ۔ ریاست میں کورونا وباء پھوٹ پڑنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ 12 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج جملہ 311 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے ۔ اب تک جملہ 8,008 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ آج کرنول اور سریکا کلم سے تین تین اموات کی اطلاع ہے ۔