حیدرآباد۔ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وتلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے ایلورو ٹاون میں تقریبا 250افراد کے پُراسرار بیماری سے متاثرہونے کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔نائیڈو نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ہیلت ایمرجنسی کا اعلان کرے اور اس ٹاون میں سینی ٹیشن و صحت عامہ کے معیارات میں بہتری کے لئے فوری درکار اقدامات کرے ۔اپنے بیان میں چندرابابونے کہا کہ ایلورو میں صورتحال خراب ہے ۔اس معاملہ کی غیر جانبدار اور مکمل جانچ کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی لاپرواہی اور صحت عامہ کی خدمات کی بدتر حالت اس واقعہ سے بے نقاب ہوگئی ہے ۔حکومت کے لئے یہ شرم کی بات ہے کہ وہ لوگوں کو صاف و محفوظ پانی بھی فراہم نہیں کرسکتی۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی سپلائی کرنے کے لئے کوئی مناسب انتظام نہیں کیاگیا۔یہ افسوس کی بات ہے کہ صحت کے ناقص معیارات وزیر صحت کے اپنے حلقہ میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 18ماہ سے 13اضلاع کے 110ٹاونس میں صحت عامہ کا نظام بگڑا ہوا ہے ۔وائی ایس آرحکومت کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کے لئے تیار نہیں ہے ۔