اے پی و تلنگانہ کے حجاج عید کے بعد عبادات میں مصروف

   

مکہ معظمہ میں روح پرور مناظر، ہلکی بارش سے اللہ کے مہمانوں کو راحت
حیدرآباد ۔ 11 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام فریضہ حج کی تکمیل کے بعد منٰی میں اپنے کیمپس میں قیام کرتے ہوئے عبادتوں میں مصروف ہیں۔ حجاج کرام آج بعد نماز فجر مزدلفہ سے سیدھے جمرات پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد منٰی میں خیمے واپس ہوئے۔ قربانی کا طئے شدہ وقت گذرنے کے بعد حلق کرایا۔ غسل اور نئے کپڑے زیب تن کرکے بیشتر حاجی طواف کے لئے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے۔ طواف زیارت منٰی میں قیام کے دوران کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے۔ انڈین حج مشن کے عہدیداران نے بتایا کہ تمام ہندوستانی حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ کل کی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوچکا ہے۔ خادم الحجاج نے سیاست کو اطلاع دی ہے کہ حج والینٹرس اور حکومت سعودی عرب کے غیرمعمولی انتظامات ہیں۔ جاریہ سال رمی جمار کیلئے مختلف ممالک کے حجاج کیلئے علیحدہ اوقات مقرر کئے گئے تھے جس کے سبب کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ رباط میں قیام کرنے والے حجاج کا کیمپ منیٰ میں جمرات سے کافی دُور پر ہے۔ ان کے لئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ قونصل جنرل نورالرحمن شیخ کے مطابق حجاج پیر کو تینوں شیطانوں کو کنکری ماریں گے۔ منگل کو رمی جمار کے بعد غروب آفتاب سے قبل منٰی سے مکہ روانہ ہوجائیںگے۔ اس طرح ایام حج کا اختتام اور مناسک حج کی تکمیل ہوگی۔ خادم الحجاج کے مطابق حج مشن کے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی خدمات بھی غیرمعمولی ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ کے وزیر داخلہ الحاج محمود علی نے حجاج کرام کی خیریت دریافت کی اور دُعاؤں کی اپیل کی۔ ناظر رباط حسین شریف نے فریضہ حج کی پُرسکون انداز میں تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔