تعلیمی قابلیت لا ڈگری ، ماہانہ 54 ہزار سے 1,33 لاکھ تک تنخواہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کو ریونت ریڈی حکومت نے خوشخبری سنائی ہے ۔ تلنگانہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے 118 اسسٹنٹ پبلک پراسیکوٹر ( اے پی پی ) جائیدادوں پر تقررات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ فی الحال ریاست میں 285 اے پی پی جائیدادیں ہیں جن میں صرف 120 افراد خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جس کے تناظر میں حکومت نے نئے اے پی پی کے تقررات کرنے کی منظوری دی ہے ۔ جس کے بعد ڈپارٹمنٹ آف پروسیکشن ( ڈی او پی ) نے ملٹی زون I میں 50 اور ملٹی زون II میں 68 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ ان جائیدادوں کے لیے اہلیت یہ ہے کہ امیدواروں کا لا ڈگری رکھنا ضروری ہے ۔ بار کونسل میں انرولمنٹ لازمی ہے ۔ ریاست کے کریمنل کورٹس میں کم از کم تین سال تک بحیثیت وکیل پراکٹس کا تجربہ بھی ہونا چاہئے ۔ جولائی 2025 تک عمر 34 سال سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے ۔ او بی سی ، ایس ٹی ، ایس سی اور معذور امیدواروں کی عمر میں رعایت رہے گی ۔ مزید تفصیلات کے لیے سرکاری ویب سائٹ tgprb.in ملاحظہ کریں ۔ ان جائیدادوں پر امیدواروں کے انتخاب کے لیے پیپر I اور II کا انعقاد کیا جائے گا ۔ پیپر I آبجکٹیو نظام میں ہوگا جب کہ پیپر II ڈسٹرکٹیو نظام میں انعقاد کیا جائے گا ۔ میرٹ کی بنیاد پر حتمی فہرست جاری کی جائے گی ۔ ماہانہ تنخواہ 54.220 روپئے سے 1,33,630 روپئے رہے گی ۔ خواہش مند امیدوار آن لائن میں درخواستیں داخل کریں ۔۔ 2