دو ضلع ایس پی بھی بدل دئے گئے ۔ الیکشن کمیشن کی کارروائی
حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) مجوزہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات سے عین قبل مرکزی الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کے انٹلی جنس سربراہ اور دیگر دو پولیس عہدیداروں کے تبادلے کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے انٹلی جنس سربراہ اے وی وینکٹیشور راؤ، کڑپہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راہول دیو شرما اور سریکاکلم کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وینکٹ رتنم کے خلاف مرکزی الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی تھی اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ تینوں پولیس عہدیدار تلگودیشم کارکنوں کی طرح کام کررہے ہیں اور اُنھیں فوری اُس عہدے سے ہٹانے کی گزارش کی گئی تھی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے اِس سلسلہ میں تحقیقات کی تھی اور آج احکامات جاری کرتے ہوئے مذکورہ تینوں پولیس عہدیداروں کو فوری اُن کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انتخابات سے متعلق کسی بھی ذمہ داری سے دور رکھنے کیلئے کہا ہے۔
