سابق پولیس کمشنر کے فرزند پر 90 لاکھ روپئے سرمایہ لے کر واپسی سے انکار کا الزام ۔ عدالت کی ہدایت پر پنجہ گٹہ پولیس نے ایف آئی آر درج کرلیا
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کی ایک عدالت نے سابقہ پولیس کمشنر حیدرآباد اے کے خاں ، ان کے بیٹے محسن خاں ، سابقہ وزیر محمد علی شبیر اور دیگر کے خلاف جعلسازی اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کی سٹی پولیس کو ہدایت دی ۔ اس سلسلہ میں پنجہ گٹہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ تفصیلات کے مطابق 51 سالہ محمد عبدالوہاب ساکن ٹولی چوکی ، یوسف ٹیکری نے محسن خاں ساکن روڈ نمبر 18 پرشاسن نگر جوبلی ہلز سے کانکنی کاروبار کے سلسلہ میں 90 لاکھ روپئے حوالے کیے تھے لیکن کاروباری منافع اور نہ اصل رقم واپس نہ کرنے پر عدالت سے رجوع ہو کر ایک شکایت درج کرائی ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس سلسلہ میں تعزیرات ہند کے دفعہ 465 ( جعلسازی ) 420 ( دھوکہ دہی ) اور 406 ( اعتماد شکنی ) کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ عدالت کے احکام پر درج کیے گئے ایف آئی آر کے مطابق محمد عبدالوہاب کو محسن خاں منیجنگ ڈائرکٹر سن لائٹ مائنس پرائیوٹ لمٹیڈ نے جس کا دفتر روڈ نمبر 1 بنجارہ ہلز پر واقع ہے یقین دلایا کہ ضلع کھمم کے راموناجورم ولیج میں 46 ایکڑ اراضی پر تپسوی انفرا پرائیوٹ لمٹیڈ نے کانکنی کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات سے اجازت حاصل کرلی ہے اور 25 فیصد ادعا بھی انہوں نے خرید لیا ۔ کانکنی کے کاروبار میں (de-casting of sand) ریت کو الگ کرنے کے کاروبار کے لیے محسن خاں نے محمد عبدالوہاب کو تپسوی کمپنی کے جعلسازی کے ذریعہ تیار کیے گئے معاہدے بتائے اور 6 کروڑ 50 لاکھ کا جملہ منافع آنے پر 90 لاکھ کی سرمایہ کاری پر 50 فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا ۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ محمد عبدالوہاب اس کاروبار میں سرمایہ کاری سے گریز کررہے تھے لیکن محسن خاں نے محمد علی شبیر کے مکان لیجاکر تعارف کروایا کہ ان کے خسر سابق وزیر ہیں ۔ بعد ازاں محسن خاں نے سابق پولیس کمشنر حیدرآباد سے ان تعارف کروایا اور یقین دلایا کہ ان شخصیتوں کے حوالے سے وہ کاروبار میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ وہاب نے 90 لاکھ روپئے 2016 میں بذریعہ بینک و نقد رقم حوالے کیا تھا ۔ رقومات حاصل کرنے کے باوجود تین سال تک منافع ادا نہ کرنے اور برتاؤ سے عدم اطمینان پر اپنی رقومات واپس کرنے وہاب سے اصرار کر رہے تھے ۔ محمد عبدالوہاب نے رقم کی عدم ادائیگی پر فوجداری اور سیول مقدمات دائر کرنے کا بھی انتباہ دیا تھا لیکن محسن خاں نے پانچ سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود رقم ادا نہیں کی اور وہاب کو یقین ہوگیا کہ دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے ہیں ۔ اس ضمن میں نامپلی کریمنل کورٹ کے 14 ویں اڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن کے اجلاس پر 14 فروری 2022 کو ایک درخواست داخل کی تھی جس پر عدالت نے سماعت کے بعد پنجہ گٹہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ۔ پولیس نے ایف آئی آر جاری کرکے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ب