ا نٹلی جنس اور سیکورٹی ادارے آر ٹی آئی کے تحت ہیں یانہیں؟: سپریم کورٹ

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سرکارکے انٹلی جنس اور سیکورٹی اداروں پرحق معلومات ایکٹ (آر ٹی آئی) لاگو ہونے یا نہ ہونے کولے کر اپنافیصلہ دینے کی دہلی ہائی کورٹ کو ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے سنیارٹی اور پروموشن کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کاایک محکمے کو حکم دینے سے متعلقہ اس کاحکم خارج کردیا۔جسٹس ایم آر شاہ اور اے ایس بوپنا کی بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ نے سرکاری محکمے کے اعتراض پر کوئی فیصلہ کئے بغیر ہدایت دی کہ آر ٹی آئی ایکٹ اس (محکمہ) پر لاگو نہیں ہوتا۔بنچ نے کہاکہ محکمہ کی طرف سے اٹھایا گیا مخصوص سوال یہ ہے کہ آر ٹی آئی ایکٹ اس تنظیم؍محکمہ پر لاگو نہیں ہوتا ہے۔ اس کے باوجود اس اعتراض کا فیصلہ کئے بغیر ہائی کورٹ نے اپیل کنندہ کو آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت مانگے گئے دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔یہ ترتیب کو پلٹنے کی طرح ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ کو پہلے یہ فیصلہ کرنا چاہیے تھا کہ آر ٹی آئی ایکٹ تنظیم یا محکمہ پر لاگو ہے۔اپنے حالیہ حکم میں بنچ نے کہاکہ ہم ہائی کورٹ کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ اپیل کنندہ تنظیم؍ڈپارٹمنٹ کو آر ٹی آئی ایکٹ کی درخواست کے معاملے پر پہلے فیصلہ کرے اور پھر حکم التواء کی درخواست ؍ایل پی اے پر فیصلہ کرے۔یہ 8 ہفتے کی مدت میں طے کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کے خلاف مرکز کی جانب سے دائر اپیل پر سپریم کورٹ سماعت کر رہی تھی، جس میں محکمہ کو 15 دن کے اندر ملازم کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔