ا100 اقلیتی امیدواروں کو سیول سرویسز کی کوچنگ

   

Ferty9 Clinic

5 خانگی اداروں کا انتخاب، اے کے خاں ، شاہنواز قاسم اور شفیع اللہ کی امیدواروں سے مشاورت

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کیلئے آل انڈیا سرویسز امتحانات کی کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں 100 اقلیتی امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے خانگی معیاری کوچنگ سنٹرس میں داخلہ دلایا جارہا ہے ۔ 100 امیدواروں کا اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا جو ریاست بھر میں منعقد ہوا تھا۔ امیدواروں کو ان کی پسند کے کوچنگ سنٹر میں داخلہ دلایا جارہا ہے جس کی فیس حکومت کی جانب سے ادا کی جائے گی ۔ امیدواروں کو اسٹائفنڈ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ کوچنگ کی ضروریات کی تکمیل کرسکے۔ سیول سرویسز کوچنگ کیلئے منتخب امیدواروں کا کونسلنگ سیشن اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے ہیڈکوارٹر بنجارہ ہلز میں منعقد ہوا جس میں 5 خانگی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے ان کے پاس کوچنگ کی تفصیلات پیش کی۔ ان اداروں نے انالاگ ، برین ٹری ، آر سی ریڈی ، ویژن آئی اے ایس انسٹی ٹیوٹ اور حیدرآباد اسٹڈی سرکل شامل ہیں۔ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے اسے ایک منفرد اسکیم قرار دیا اور کہا کہ حکومت ائی اے ایس ، آئی پی ایس اور دیگر خدمات میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس بننے کیلئے مکمل سنجیدگی کے ساتھ ٹریننگ حاصل کریں ۔ بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی نے کہا کہ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ مسابقتی امتحانات میں اقلیتوں کی مناسب حصہ داری ہو۔ اگر اقلیتی طلبہ آئی پی ایس اور آئی اے ایس منتخب ہوتے ہیں تو وہ اپنی کمیونٹی کے لئے بھلائی کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بناسکتے ہیں۔ اس موقع پر شیخ لیاقت حسین جوائنٹ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی اور دوسرے موجود تھے۔