حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مائوسٹ) تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ جموں کشمیر کے خصوصی موقف کی برخاستگی اور ریاست کی تقسیم کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف 15 اگسٹ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ سی پی آئی مائوسٹ تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سنگھ پریوار اور اعلی طبقات پر مشتمل بی جے پی حکومت اپنے منصوبے کے تحت کشمیر کے خصوصی موقف کو ختم کردیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امیت شاہ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور دیگر اہم عہدیدار شریک تھے اور اس اجلاس میں کشمیر کی تقسیم کا فیصلہ ہوا۔ دہشت گرد حملے کے نام پر وادی میں سکیوریٹی فورسس کو بھاری تعداد میں تعینات کیا گیا۔ دفعہ 144 کے نفاذ، انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی نظام کو مفلوج کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں محروس کردیا گیا ہے۔ سی پی آئی مائوسٹ اسٹیٹ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی حکومت کے فیصلے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں۔
