واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن کی زبان ایک بار پھر پھسل گئی، خطاب کے دوران نائب صدر کملا ہیرس کو غلطی سے خاتون اوّل کہہ دیا۔گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے غلطی سے نائب صدر کملا ہیرس کو خاتون اوّل پکار دیا جسکے بعد ہال میں موجود تمام افراد ہنسنے لگ گئے۔رپورٹس کے مطابق بائیڈن نے غلطی اس وقت کی جب وہ اعلان کر رہے تھے کہ نائب صدر کملا ہیرس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں کیونکہ ان کے شوہرکا کووڈ ٹسٹ مثبت آیا ہے۔امریکی صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اوّل کے شوہر کو کورونا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ آج غیر حاضر ہیں تاہم ان کی جگہ اسٹیج پر کون ہوگا ،اس لیے انتظامات میں تھوڑی تبدیلی کی گئی ہے جبکہ اس دوران انہیں اپنی غلطی کا احساس نہیں ہوا اور اپنی بات جاری رکھی۔تاہم ہال میں موجود کسی شخص نے بائیڈن کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے غلط بول دیا ہے جس کے بعد وہاں موجود تمام افراد زور سے ہنسنے لگ گئے۔امریکی صدر نے نے پھر اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور اہلیہ جل بائیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘خاتون اوّل ٹھیک ہیں’۔واضح رہے کہ خاتون اوّل ملک کے صدر کی اہلیہ کو کہا جاتا ہے۔یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ خطاب کے دوران امریکی صدر کی زبان پھسل گئی ہو، اس سے قبل گزشتہ دنوں جو بائیڈن نے یوکرینی عوام کو ایرانی کہہ دیا تھا۔