بابارام دیو کا پتلہ نذرآتش، کانگریس مہیلا کانگریس کا احتجاج

   


خواتین سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ: ڈاکٹر گیتاریڈی
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کی مہیلا قائدین نے خواتین کے لباس کے خلاف نازیبا ریمارکس کرنے والے بابارام دیو کا پتلانذرآتش کرتے ہوئے احتجاج کیا اور خواتین سے معذرت خواہی کرنے کا بابارام دیو سے مطالبہ کیا۔ واضح رہیکہ یوگا گرو بابا رام دیو نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین بغیر لباس کی بھی اچھی لگتی ہیں۔ ان ریمارکس کے خلاف ملک بھر میں خواتین احتجاج کررہی ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس مہیلا کمیٹی کی جانب سے گاندھی بھون کے سامنے احتجاج کیا گیا اور بابارام دیو کا علامتی پتلانذرآتش کرتے ہوئے ان کے خلاف کریمنل مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ورکنگ پریسیڈنٹ ڈاکٹر جے گیتاریڈی تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر سنیتاراؤ کے علاوہ دوسرے خاتون قائدین نے شرکت کی۔ گیتاریڈی نے بابارام دیو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں خواتین کے خلاف کئے گئے ریمارکس سے دستبردار ہونے اور خواتین سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ نام کے آگے بابا لفظ کا استعمال کرتے ہوئے یوگا گرو نے خواتین کی توہین کی ہے۔ اس کا قومی ویمنس کمیشن ازخود نوٹ لینا چاہئے۔ بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دینے والے وزیراعظم کے علاوہ مرکز کی خاتون وزراء بھی بابا رام دیو کے ریمارکس پر اپنے ردعمل کا اظہار کریں۔ن