بابری مسجد شہادت کے آج 29 برس مکمل

,

   

سعید آباد میں کُل جماعتی احتجاجی جلسہ، اہم مسلم جماعتوں کی خاموشی معنٰی خیز
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بابری مسجد کی شہادت کو 29 برس مکمل ہوگئے اور مسلم تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے ہر سال یوم سیاہ کے ذریعہ احتجاج کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ بڑی مسلم تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے یوم سیاہ کے سلسلہ میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ بعض مسلم تنظیموں اور خواتین کی تنظیموں کی جانب سے روایتی طور پر احتجاجی جلسہ اور دعائیہ اجتماع کے انعقاد کا اعلان کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے ذریعہ ایودھیا میں مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کے کام کا آغاز ہوچکا ہے اور مسلم جماعتوں کی اپیل پر ہر سال مسلمان اپنے کاروبار بند رکھتے ہوئے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اس مرتبہ کسی بھی بڑی جماعت نے مسلمانوں سے تاحال کوئی اپیل نہیں کی ہے اور نہ ہی مسلم انتظامیہ کے اداروں نے اس مرتبہ اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا۔ مسجد اجالے شاہ ؒ سعیدآباد میں کُل جماعتی احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا جبکہ عید گاہ اجالے شاہ ؒ میں خواتین نماز کا اہتمام کریں گے۔ بابری مسجد کے مسئلہ پر قائدین کی بے حسی کا صاف طور پر اثر دکھائی دے رہا ہے۔ بعض مسلم تاجرین رضاکارانہ طور پر اپنے کاروبار بند رکھتے ہیں۔ عام مسلمانوں کا احساس ہے کہ بابری مسجد کی شہادت کا غم ہمیشہ زندہ رکھا جائے تاکہ فرقہ پرست طاقتیں دیگر عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔ ریاستی گورنر کو علامتی طور پر میمورنڈم پیش کیا جانا چاہیئے۔ر