بابر اعظم ،شاہین، نسیم اورابرارپاکستانی ٹیم سے باہر

   

ملتان ۔ٹیم کی مسلسل شکست کے بعد بالآخر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتہائی سخت قدم اٹھا لیا ہے۔ پی سی بی نے تمام قیاس آرائیوں کو درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے باہرکردیا ہے۔ بابر کی مسلسل ناکامی کے بعد پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے بابر اعظم کو سیریزکے بقیہ دو ٹسٹ میچز کے لیے ٹیم سے باہر کردیا ۔ ناقص کارکردگی کا الزام صرف بابر پر ہی نہیں پڑا بلکہ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی ٹیم سے باہرکردیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر4 کھلاڑی باہر رہ گئے ہیں جبکہ کچھ نئے چہروں کو موقع ملا ہے جو اگلے ٹسٹ میں ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے۔ ملتان میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور47 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 556 رنز بنانے کے بعد بھی ہارگئی۔ بابر اعظم دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں30 اور دوسری میں صرف 5 رنز بنائے۔ اس طرح وہ مسلسل 18ویں اننگز میں ٹسٹ کرکٹ میں 50 کے ہندسے کو بھی نہ چھو سکے۔ ان کی آخری بڑی اننگز دسمبر2022 میں آئی تھی، جب انہوں نے سنچری بنائی تھی۔ مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث ان کی برطرفی کا مطالبہ زور پکڑگیا تھا اور بالآخر پی سی بی کی نئی سلیکشن کمیٹی نے یہ سخت فیصلہ لیا۔ بابر اعظم جہاں گزشتہ 4-5 سال سے پاکستانی ٹیم کی پہچان بنے ہوئے تھے وہیں ان کے ساتھ نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی کافی اسٹارڈم حاصل کیا تھا۔ بیٹنگ میں بابر اور فاسٹ بولنگ میں شاہین پاکستانی ٹیم کی پہچان تھے اور ہر فارمیٹ کی پلیئنگ الیون میں پہلا نام تھے لیکن بابر کی طرح شاہین کی کارکردگی بھی گزشتہ ڈیڑھ سال میں مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے۔ شاہین ملتان ٹسٹ میں بھی بری طرح ناکام ہوئے اور 26 اوورز میں 120 رنزکے عوض صرف 1 وکٹ لے سکے۔ گزشتہ ایک سال میں وہ 11ٹسٹ اننگز میں صرف 17 وکٹیں حاصل کر پائے ہیں۔ خاص طور پر ٹسٹ میں شاہین کی گیندوں کی رفتار میں کمی نے ٹیم، بورڈ اور شائقین کو مزید پریشان کردیا ہے ۔ علاوہ ازیں نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بھی سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔ آخری میچ میں نسیم 31 اوورز میں 157 رنز کے عوض صرف 2 وکٹیں لے سکے۔ ان کی فٹنس مسلسل سوالوں کی زد میں ہے اور اسی لیے انہیں سیریز سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ اس سے قبل نسیم اور شاہین کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریزکے دوسرے میچ سے بھی باہرکردیا گیا تھا۔ ان کے علاوہ پہلے ٹسٹ میں بیمار ہونے والے اسپنر ابرار احمد کو بھی جگہ نہیں مل سکی وہ ابھی پوری طرح فٹ نہیں ہے۔