لاہو۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ہندستانی کپتان کوہلی سے موازنہ غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہارت اور صلاحیت کے اعتبار سے بابر آعظم کو ابھی ایک لمبا سفر طے کرنا ہے ۔ 42 سالہ سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ کوہلی کو انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے 12 سال ہو چکے ہیں،اس دورران وہ 70 سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔کوہلی نے صرف 30 سال کی عمر میں ہر حالات کا سامنا کیا جس میں ان کی بہت زیادہ محنت شامل ہے تاہم بابر اعظم کا ابھی سے کوہلی سے موازنہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔دونوں کا اس وقت موزانہ کیا جائے جب بابر اعظم بھی اتنے ہی عرصے تک کرکٹ کھیلیں اور اسی عمر میں ہوں جس میں کوہلی ابھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھے ہوئے صرف 5سال ہوئے ہیں اور ان کا کیریئر تعمیر کے مراحلے میں ہے ۔ٹسٹ اور ونڈے میں ان کی اوسط قابل رشک ہے ، وہ 16 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں تاہم اس مقام پر نہیں پہنچے جس پر کوہلی موجودہیں۔5سالہ کیریئر میں بابر اعظم میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جن کی جھلک کوہلی میں دیکھنے کو مل رہی ہیں تاہم اس وقت دونوں کے موازنے سے فائدے کی جگہ نقصان ہوگا۔