بابو جگجیون رام کے یومِ پیدائش پر راہول اور کھرگے کا خراجِ عقیدت

   

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر قائدین راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر نے ہفتہ کے روز بابو جگجیون رام کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی آخری آرام گاہ پر جا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ خیال رہے کہ بابو جگجیون رام کے یومِ پیدائش 5 اپریل کو ’سمتا دیوس‘ (یومِ مساوات) کے طور پر منایا جاتا ہے، جو نہ صرف ان کے نظریات اور جدوجہد کو یاد کرنے کا دن ہے بلکہ سماجی انصاف اور برابری کے پیغام کو فروغ دینے کا موقع بھی ہے۔ راہول گاندھی، جو اس وقت لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے لیڈر ہیں، نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بابو جگجیون رام کو ان کی جینتی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ بابو جگجیون رام جی نے اپنی پوری زندگی محروم، مظلوم اور دلت طبقوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے ان طبقوں کو بااختیار بنا کر ہندوستانی جمہوریت اور آئینی اقدار کو تقویت دی۔ ان کے خیالات اور جدوجہد ہمیشہ ہمیں تحریک دیتے رہیں گے۔ اسی موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی ’ایکس‘ پر بابو جگجیون کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ سماجی انصاف کے علمبردار، عظیم مجاہدِ آزادی اور سابق نائب وزیر اعظم بابو جگجیون رام کو ان کی جینتی پر دل سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔