لکھنؤ:سماج وادی پارٹی میں آج کل سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ وقتاً فوقتاً پارٹی رہنماو?ں کی ایک دوسرے سے ناراضگی اور اختلافات ابھر کر سامنے آر ہے۔ وہیں، ایس پی کے مضبوط رہنما اعظم خان کی پارٹی کے کچھ بزرگوں سے ناراضگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔اب ان کے بیٹے اور سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی عبداللہ اعظم خان نے پارٹی کے ہی ایک لیڈر کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پارٹی ترجمان اعظم خان تک پہنچنے کی کوشش کریں گے تو معاملہ بہت دور تک جائے گا۔عبداللہ اعظم نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ابھی ابھی ایک بیان میرے علم میں آیا ہے جو سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے دیا ہے، یہ وہی لوگ ہیں جو آج سماج وادی پارٹی کی شکست و بربادی کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید متنبہ کیا کہ میں نے ایسے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی سطح تک بات کریں، اعظم خان صاحب کے پاس نہ جائیں ورنہ بات نکلی تو بات بہت دور تک جائے گی۔ مانا جا رہا ہے کہ عبداللہ اعظم کا نشانہ غالباً ادے ویر پر ہے۔ حالانکہ انہوں نے ٹویٹ میں کسی کا نام نہیں لکھا ہے۔ ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے پیر کو سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی اور ایٹا کے سابق رکن اسمبلی رامیشور یادو کی ہراسانی کی شکایت کی۔ اس پر شیو پال یادو نے سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا کہ ‘انصاف کے لیے یہ لڑائی ادھوری کیوں ہے؟ اعظم خان صاحب، ناہید حسن، شہزل اسلام… اور دیگر کارکنان کیوں نہیں؟’ شیو پال یادو کے اس بیان پر ہنگامہ کے درمیان ایس پی کے سابق ایم ایل سی نے گزشتہ روز میڈیا میں بیان دیا۔ جس کے بعد عبداللہ اعظم کا یہ ٹویٹ منظر عام پر آیا ہے۔