بارشوں میں خود کو صحتمند کیسے رکھیں؟

   

اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں جاری ہیں، جس سے متاثرہ علاقوں میں نزلہ، زکام، کھانسی اور ڈائیریا سمیت دیگر امراض پھیلنے کے امکانات بھی بڑھ چکے ہیں۔عام طور پر طوفان، ہواؤں اور بارشوں کی وجہ سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلی سے لوگوں کو جسم میں درد، نزلہ و زکام اور بخار جیسی عام پیچیدگیاں ہوجاتی ہیں اور احتیاط نہ کرنے کے باعث ان کی شدت بڑھ بھی سکتی ہے۔گرد آلود ہواؤں اور بارشوں کے بعد مناسب صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بدبو اور تعفن پھیلنا شروع ہوجاتا ہے، جس سے کئی لوگوں کو صحت کے مسائل ہوجاتے ہیں۔بارشوں کے موسم میں عام افراد کو نزلہ، زکام، بخاراور سر درد جیسی شکایات ہوجاتی ہیں جب کہ کم عمر افراد اور بچوں کو الٹی، موشن، بخار اور اسہال جیسے مسائل ہوجاتے ہیں۔اگرچہ بارشوں کے کم ہونے سے ان امراض میں بھی کم آجاتی ہے، تاہم اگر بارشوں کے دوران چند حفاظتی انتطامات کیے جائیں تو ان بیماریوں اور مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔
گھر کے ارد گرد صفائی رکھیں
بارشوں کے بعد جہاں گھر میں پانی جمع ہونے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، وہیں گھر کے ارد گرد پھیلی گندگی سے بھی مسائل ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں بارشوں کے دوران باہر سے گھر میں داخل ہونے والے افراد بھی جوتوں کے ذریعے بیماریوں کے وائرس گھر کے اندر لے آتے ہیں، اس لیے ایسے میں اگر بارشوں کے دوران گھر سمیت ارد گرد کی صفائی کا خیال رکھا جائے تو بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔بارشوں کے دوران گھر کے دروازے پر فٹ ویئر رکھنے سے بھی فائدہ ہوگا اور باہر سے آنے والے افراد کے پاؤں کے ذریعے گھر میں وائرس داخل نہیں ہوں گے۔
ہری سبزیوں اور سلاد کا استعمال ترک کردیں
بارشوں کے موسم میں ہرے پتوں والی سبزیوں سمیت سلاد کو کھانے سے گریز کیا جائے، کیوں کہ بارشوں کی وجہ سے تازہ سبزیوں میں وائرس اور گندگی شامل ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
سادہ یا نیم گرم پانی استعمال کریں
بارشوں کے موسم میں نزلہ، زکام، تھکاوٹ اور بخار جیسے مسائل شروع ہوتے ہی سادہ یا نیم گرم پانی میں تھوڑے سا نمک شامل کرکے استعمال کرنا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ایسے موسم میں سیب کا سرکہ بھی مسائل سے چھٹکارہ دلوانے میں مددگار ہوتا ہے۔
چائے، کافی اور نیم کے پتوں کا استعمال
بارشوں کے موسم میں اگر نظام ہاضمہ کو بہتر رکھا جائے تو کئی بیماریوں اور مسائل سے بچا جا سکتا ہے اور نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے لیے تازہ پھلوں کو پانی میں دھونے کے بعد استعمال کرنے سمیت چائے، کافی اور نیم کے پتوں کو گرم کرکے استعمال کیا جائے تو کافی اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
احتیاط علاج سے بہتر ہے
بارشوں کے موسم میں سب سے اچھا قدم احتیاط ہوتا ہے، ایسے موسم میں باہر کی غذائیں کھانے سے گریز کیا جائے، زیادہ کیچڑ اور گندگی سے بچنے کے لیے گھر میں ہی رہنے کو ترجیح دی جائے۔کم مقدار میں، مناسب اور ہلکی پھلکی غذاؤں کو استعمال کیا جائے، بچوں کو بارش اور گندگی سے بچایا جائے۔