نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بارش سے متعلقہ حادثات میں بہار، جھارکھنڈ اور اترپردیش میں 54 اموات ہوچکی ہیں اور سیلاب زدہ آسام میں آج مزید 6 افراد فوت ہوگئے جبکہ ملک کے کئی حصوں میں مانسون کی بارشیں ہوئی جس میں ممبئی اور اس کے پڑوسی اضلاع کو سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ دفتر موسمیات نے مشرقی اور شمالی علاقوں کی کئی ریاستوں بشمول دہلی میں آئندہ چند یوم بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بہار میں 17 افراد فوت ہوئے جبکہ سیلاب کی صورتحال گذشتہ دو یوم بھاری بارش کے سبب ابتر ہوگئی۔ اترپردیش میں منگل سے بارش سے متعلقہ حادثات میں 14 افراد کی موت ہوئی۔ آسام میں سیلاب کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، جہاں مزید 6 اموات کے ساتھ جانی نقصان 74 تک پہنچ چکا ہے۔ جھارکھنڈ میں اضلاع جمتارا، رام گڑھ اور پکور میں بارش کی وجہ سے پیش آئے مختلف حادثات میں 10 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ ممبئی کے سب اربن اندھیری میں بارش کے دوران تین کاریں ٹکرا گئیں جس میں 8 افراد زخمی ہوئے۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ موسلادھار بارش کے سبب چہارشنبہ کی صبح حدبصارت ناقص ہوگئی تھی۔