بارش سے متاثرہ اضلاع میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کی کارکردگی غیر متاثر

   

عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، ریاستی وزیر اے لکشمن، فہیم قریشی اور شفیع اللہ کی شرکت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار ، نائب صدرنشین اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی محمد فہیم قریشی اور سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ نے شرکت کی ۔ ویڈیو کانفرنس میں تمام اضلاع کے اقلیتی بہبود عہدیداروں ، ریجنل لیول کوآرڈینیٹرس ، ویجلنس آفیسرس اور تعلیمی اداروں کے پرنسپلس نے شرکت کی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ طلبہ کا تحفظ اور ان کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ناگہانی کی صورت میں اقامتی اسکولوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بارش کے سبب تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر ہونے نہ دیں۔ محمد فہیم قریشی نے کہا کہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری ہے اور بارش کے باوجود وہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے پرنسپلس اور عہدیداروں کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ مانسون اور بارش کے پیش نظر اقامتی اسکولوں میں ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کیا گیا ۔ سوسائٹی کی ٹیمیں چوکس ہیں اور ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ ویڈیو کانفرنس میں متاثرہ اضلاع میں اقامتی اسکولوں کے طلبہ کی تعلیم اور صحت پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسکول کی عمارتوں کے اطر اف پانی کو جمع ہونے سے روکا جائے۔ طلبہ کو بہتر غذا اور صاف پینے کے پانی کے علاوہ بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکومت کی جانب سے اقامتی اسکولوں کو ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا گیا۔1