بارش متاثرین کیلئے ہمہ وقت دستیاب رہیں

   

جنگاؤں میں عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت ، مختلف علاقوں کا دورہ اور تالابوں کا جائزہ

جنگاؤں : جنگاؤں ضلع کلکٹر کے نکھیلا نے جنگاؤں کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور تالابوں کا بھی جائزہ لیا ۔ جنگاؤں آنند چیرو کے پاس جاکر تالاب کو دیکھا اور تالاب کے نیچے جن مکانات ہے ان کو ہدایت کی کہ بہت ہی احتیاط سے رہیں ۔ بارش کا پانی کبھی بھی کدھر سے بھی آسکتا ہے ۔ ضلع کلکٹر جنگاؤں کے نکھیلا نے شہر جنگاؤں کے علاوہ جنگاؤں ضلع کے منڈلس کے تحت موسم برسات کے بارش سے تباہ ہونے والے تمام علاقوں کا دورہ کیا ۔ تلنگانہ علاقہ میں گذشتہ ایک ہفتہ سے مسلسل بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ ضلع کلکٹر نے جنگاؤں ضلع کے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برسات کے پانی سے جن علاقوں میں عوام کو مشکل ہورہی ہے کڑی نظر رکھیں ۔ دیہی سطح سے لے کر شہروں کے تمام علاقوں پر نظر رکھیں اور کہا کہ تمام عہدیدار عوام کیلئے دستیاب رہیں ۔ بارش کے تحت تباہ شدہ مکانوں کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت دی ۔ بارش سے تباہ شدہ فصلوں کا بھی جائزہ لیں ۔ تالاب اور کنٹہ بارش کے پانی سے لبریز ہوگئے ہیں ، عوام کو ان علاقوں میں نہ آنے کیلئے ہدایت دیں اور کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے بھی سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پولیس کے عہدیدار بھی تالابوں کے پاس کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس اور ریونیو کے عہدیدار مل کر ٹیمیں تشکیل دے کر کام کریں ۔ سرکاری عہدیداروں کو کہا کہ عوام کو تالاب اور کنٹہ کے پاس مچھلیاں پکڑنے نہ دیں ۔ اس خصوص میں سخت ترین اقدامات کریں ۔ ضلع جنگاؤں میں شدید بارش ہوئی ہے ۔ زراعت کے کسانوں کو بھی بارش کی وجہ سے نقصان ہوا ہے ، اس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ضلع کلکٹر نے محکمہ زراعت ، محکمہ آبپاشی ، محکمہ برقی عہدیداروں کے علاوہ پنچایت سکریٹریز ، ایم پی ڈی اوز ، تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ چوکس رہیں ، ہر وقت معلومات حاصل کرتے ہوئے ان علاقوں کے عوام کی مدد کریں ۔