بارش کے امدادی کاموں کیلئے ہر ضلع کو فی کس ایک کروڑ روپئے کی اجرائی

   

آئندہ تین دن چوکسی ، شہر میں محکمہ جات میں تال میل پر زور، وزیر مال سرینواس ریڈی کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے ریاست میں جاریہ بارش کے پیش نظر اضلاع میں بچاؤ راحت کے اقدامات پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں سرینواس ریڈی نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ بارش کے دوران عوام کو دشواریوں سے بچانے کیلئے احتیاطی اقدامات پر موثر انداز میں عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کاموں کیلئے ہر ضلع کو ایک کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رخصت پر موجود عہدیداروں اور ملازمین کو فوری واپس طلب کیا جائے اور انہیں بچاؤ راحت کے کاموں میں مشغول کیا جائے۔ سرینواس ریڈی نے آئندہ تین دن تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کا حوالہ دیا اور کہا کہ ضلع کلکٹرس کو نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنی چاہئے اور ضرورت پڑنے پر عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ وزیر مال نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جی ایچ ایم سی ، بلدی نظم و نسق ، واٹر ورکس اور محکمہ پولیس کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ہر ضلع میں بارش کی صورتحال اور کلکٹرس کی جانب سے احتیاطی اقدامات پر تفصیلات طلب کی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ عہدیداروں کو صورتحال سے وقتاً فوقتاً واقف کرایا جائے۔ سرینواس ریڈی نے بارش کے دوران جانی اور مالی نقصانات کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ بچاؤ اور امدادی کاموں میں فنڈس کی فکر نہ کریں۔ ویڈیو کانفرنس کے موقع پر برقی ، پولیس ، مال ، حیڈرا اور دیگر اداروں کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔1