لوگ شدید بخار ، ڈینگو ، ملیریا ، ٹائیفائیڈ سے متاثر ، ہاسپٹلس مریضوں سے بھر گئے
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : طوفانی بارش کے بعد ریاست بھر میں اچانک وبائی امراض پھوٹ پڑیں ہیں ۔ ریاست کے تمام اضلاع کے سرکاری ہاسپٹلس اور خانگی ہاسپٹلس میں وبائی امراض میں مبتلا مریض بڑی تعداد میں رجوع ہورہے ہیں ۔ زیادہ تر لوگ بالخصوص بچے شدید بخار میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ ڈینگو ، ملیریا اور ٹائیفائیڈ کے کسیس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں دو تین ہفتوں سے دھواں دھار بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے شہروں اور دیہاتوں بالخصوص ایجنسی علاقوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ صاف صفائی نہ ہونے سے مچھروں کی بڑے پیمانے پر افزائش ہوگئی ہے جو وبائی امراض تیزی سے پھیلنے کا سبب بن رہی ہے ۔ وبائی امراض کے تیزی سے پھیلنے سے عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے اور تمام ہاسپٹلس میں مریضوں کی تعداد دن بہ دن بڑھ رہی ہے ۔ وبائی امراض کے علاوہ عوام آشوب چشم سے بھی متاثر ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹرس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ گھروں اور گھروں کے اطراف پانی جمع ہونے نہ دیں جس سے مچھروں کی افزائش ہوگی اور پینے کا پانی گرم کر کے استعمال کریں ۔ بخار ، کھانسی ، حلق درد ، بدن درد یا دوسری کوئی اور شکایت ہو تو فوری ہاسپٹلس سے رجوع ہوں اور ڈاکٹرس سے مشورہ کرتے ہوئے اپنا فوری علاج کریں چھوٹے بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دیں ۔ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں ۔۔ ن