بارش کے دوران خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت

   

حیدرآباد۔28 ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہرو ںمیں بارش کے دوران خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت کیلئے عہدیدارو ںکی جانب سے جائزہ لینے کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور کہا جار ہاہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جن سڑکوں پر بارش کے سبب گڑھے پڑچکے ہیں ان سڑکوں کی بہتری اور مرمت کیلئے اقدامات تیز کئے جاچکے ہیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہرو ںمیں پچھلے ایک ہفتہ کے دوران بارش کے سبب خستہ حال ہونے والی سڑکوں کی مرمت کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور جن سڑکوں پر گڑھوں کے سبب ٹریفک کے آسان بہاؤ میں خلل پیدا ہورہا ہے ان سڑکوں کی عاجلانہ مرمت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مصروف ترین سڑکوں کے علاوہ جن سڑکوں سے بسیں گذرتی ہیں ان سڑکوں پر عارضی مرمتی کام انجام دیئے جانے لگے ہیں علاوہ ازیں مشینوں کے استعمال کے ذریعہ گڑھوں کو بند کرتے ہوئے کارپیٹنگ کی جا رہی ہے۔دونوں شہروں کی سڑکوں کی تباہی کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکی جانب سے کنٹراکٹرس کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جن مقامات پر فوری مرمت درکار ہووہاں مرمتی کاموں کو تکمیل کیا جائے۔کمشنرجی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے تمام زونل کمشنران سڑکوں کی مرمت کے سلسلہ میں نشانہ کی تکمیل اور عوامی شکایات کو فوری حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ انہوں نے زون کمشنران اور ان کے ماتحت عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی کہ جن سڑکوں میں خرابی پیدا ہوئی ہے ان کی تعمیر کرنے والے کنٹراکٹرس کی بھی تفصیلات اور سڑک کی تعمیر کے سال وغیرہ کی تفصیلات بھی اپنی رپورٹ میں درج کریں ۔م