حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ میں طوفان کے زیر اثر اضلاع میں بارش کے سبب بھاری نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کی ٹیمیں روانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بھاری بارش کے نتیجہ میں کئی اضلاع میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے خواہش کی کہ وہ تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کو روانہ کریں تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں بارش سے بھاری تباہی ہوئی ہے۔ فصلوں کو نقصان کے علاوہ سڑکوں اور تالابوں میں شگاف پڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیداروں کے ذریعہ رپورٹ طلب کرنے کے بعد حکومت کو امدادی پیاکیج پر اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں حصہ لیں تاکہ غریب عوام کی بروقت مدد ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کو ذمہ داری دی جائے کہ ضلع کلکٹر کے ساتھ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے عوامی نمائندوں کا اجلاس طلب کریں ۔ر