بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ، شہریوں کی برہمی

   

پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق نے کمشنر جی ایچ ایم سی سے رپورٹ طلب کی
حیدرآباد۔15۔جون(سیاست نیوز) مانسون کی پہلی بارش میں پانی کی نکاسی کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شہریوں میں پائی جانے والی برہمی کا اثر جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے محسوس کرتے ہوئے اپنے ماتحتین سے ان کے علاقوں میں موجود نالوں کی صفائی کے علاوہ بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کو بہتر بنانے کے اقدامات کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے شہر حیدرآباد کے بیشترعلاقوں اور اہم ترین سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مانسون کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی اور ان کی کشادگی کے کاموں کو مکمل کئے جانے کی مسلسل ہدایات اور بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی تاکید کے باوجود 2گھنٹوں کی بارش کے دوران موصول ہونے والی شکایات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر لوکیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ اندرون دو یوم شہر کے تمام زونس میں تکمیل کئے گئے کاموں اور جاریہ کاموں کی مکمل تفصیلات محکمہ بلدی نظم ونسق کو پیش کریں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مانسون کی آمد سے قبل مسلسل یہ دعوے کئے جاتے رہے ہیں کہ مانسون کی آمد سے قبل دونوں شہروں اور بلدی حدود میںموجود نالوں کی صفائی اور ان کی کشادگی کے عمل کومکمل کیا جائے گا اور چند ماہ قبل ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤنے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بلدی عہدیدارو ںکو ہدایت دی تھی کہ وہ شہر میں کسی بھی علاقہ میں بارش کے پانی کو جمع ہونے نہ دیں اور تمام نالوں کی کشادگی اور بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کو بہتر بنائیں لیکن اس کے باوجود بھی مانسون کی پہلی بارش کے دوران شہر کی سڑکوں اور رہائشی علاقوں کے جھیل میں تبدیل ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا جا رہاہے۔م
راجندرا نگر پولیس حدود میں کارڈن
سرچ،روڈی شیٹرس کی کونسلنگ
شمس آباد ۔ 15 جون (سیاست نیوز) راجندرا نگر پولیس اسٹیشن حدود میں واقع اندرانگر اور حسن نگر علاقوں میں شمس آباد ڈی سی پی جگدیشور ریڈی نے کارڈن سرچ منعقد کیا۔ جگدیشور ریڈی نے بتایا کہ اندرا نگر اور حسن نگر میں کارڈن سرچ کے دوران روڈی شیٹرس کی کونسلنگ کی گئی اور انہیں تاکید کی گئی کہ وہ غیرسماجی سرگرمیوں اور غلط کاموں کو بند کرکے ایک اچھی اور بہتر زندگی گزاریں۔ ساتھ ہی ساتھ دکانات کی تلاشی لی گئی۔ غیرقانونی طور پر فروخت کرنے والے گٹکھے اور گانجہ رکھنے پر سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔ کارڈن سرچ میں اے سی پی راجندرا نگر گنگادھر، راجندرا نگر، میلاردیو پلی، عطاپور، معین آباد انسپکٹرس، سب انسپکٹرس اور اسپیشل پارٹی بھی موجود تھی۔