بازار گھاٹ تا لکڑی کا پل ناقص سڑک سے عوام کو حادثات کا سامنا

   

مریضوں ، طلبہ اور ضعیفوں کو مشکلات، کئی ماہ سے سڑک ناقابل استعمال ، حکام فوری توجہ دیں
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ترقی اور بنیادی بلدی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن شہر کے بعض علاقے آج بھی حکام کی لاپرواہی اور تساہل کا شکار ہے۔ ایسے وقت جبکہ حیدرآباد میں مس ورلڈ 2025 مقابلہ کی تقاریب جاری ہے اور حیدرآباد کو بیرونی مہمانوں کیلئے خوبصورتی سجایا گیا ہے۔ نئے شہر کا علاقہ بازار گھاٹ تا لکڑی کا پل گزشتہ کئی ماہ سے ناقص سڑکوں کے سبب عوام کیلئے مصیبت بن چکا ہے۔ تقریباً ایک سال سے زائد عرصہ سے اس روٹ پر وقفہ وقفہ سے کھدائی کا کام انجام دیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں سڑک کی تعمیر مکمل نہیں کی جاسکی۔ اس روٹ پر ایم این جے کینسر ہاسپٹل ، نیلوفر ہاسپٹل اور کئی خانگی ہاسپٹلس موجود ہیں اور روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اس روٹ پر کئی معروف تجارتی ادارے موجود ہیں۔ سڑک کی دونوں جانب آبادی ہے لیکن حکام کو سڑک کی تعمیر اور عوام کو دشواریوں سے نجات دلانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ محکمہ واٹر ورکس کی جانب سے پائپ لائین بچھانے کیلئے سڑک کی کھدائی کی گئی لیکن مرمتی کام انجام نہیں دیئے گئے جس کے نتیجہ میں کئی ماہ سے اس روٹ پر ٹو وہیلرس گاڑیوں کا گزرنا دشوارکن بن چکا ہے۔ علاقہ میں گھنی آبادی ہے اور ناقص سڑکوں کے نتیجہ میں حادثات پیش آرہے ہیں۔ مقامی افراد نے اس سلسلہ میں عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے بارہا نمائندگی کی لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ حالیہ عرصہ میں بارش کے بعد کئی ٹو وہیلرس سوار حادثات کا شکار ہوگئے۔ پائپ لائین بچھانے کیلئے کھدائی کے بعد کئی فٹ کے گڑھوں کو بند کئے بغیر چھوڑ دیا گیا۔ مریضوں کو ہاسپٹل منتقل کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں اسکول اور کالجس کے طلبہ اس راستہ سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی تاجروں کو ماننا ہے کہ ناقص سڑک کے سبب ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔ مقامی عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس جانب فوری توجہ دینی چاہئے تاکہ حادثات کی روک تھام کی جاسکے۔ خواتین اور ضعیف افراد کا اس علاقہ سے گزرنا محال بن چکا ہے۔ بارش کے نتیجہ میں مساجد کو جانے والے مصلی دشواری محسوس کر رہے ہیں۔1