بازار گھاٹ سانحہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر گورنر و چیف منسٹر کا اظہار افسوس

   

حیدرآباد ۔ 13 نومبر ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے بازار گھاٹ آتشزدگی سانحہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ ہے ۔ راج بھون سے جاری پریس نوٹ میں گورنر نے کہا کہ اگرچہ نقصان بہت زیادہ ہے اور رنج و غم کی شدت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا اس کے باوجود میں مہلوکین کے لواحقین کیلئے دعاگو ہوں اور ان کیلئے ہر ممکنہ تعاون کا وعدہ کرتی ہوں ۔ انہوں نے چیف سکریٹری تلنگانہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے واقعہ کی جامع تحقیقات کو بھی یقینی بنانے اور خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اقدامات کی ہدایت دی ۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی شہر کے بازار گھاٹ علاقہ میں آگ لگنے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مہلوکین کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ میں جھلس جانے والوں کے بہتر علاج کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے عہدیدارو ں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور جھلسے ہوئے افراد کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت دی ۔