باغبانی گھر اور آپ کی صحت کے لئے مفید

   


حیدرآباد ۔ ٹکنالوجی کے اس دور میں انسان کے پاس چند لمحوں کی بھی فرصت نہیں ہے۔ وہ اکثر بازار میں دستیاب سبزیاں اور پھل خرید لیتا ہے، اور انہیں اچھی طریقے سے دھوکرکھا بھی لیتا ہے۔ بیشتر لوگ اس حقیقت سے واقف ہوں گے کہ آج ٹکنالوجی کی مدد سے کئی سبزیاں اور پھل تیار کئے جارہے ہیں جس کے اثرات انسانی صحت پر مختلف بیماریوں کی صورت میں نظر بھی آرہے ہیں۔ اب گھریلو باغیچے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ جن لوگوں کے گھر بڑے ہیں، وہ اپنے گھروں ہی میں سبزیاں اور پھل اگانے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ شہروں میں گھروں کی بالکنیاں بھی باغبانی کیلئے بہتر جگہ ہے ۔ یہ تھوڑی سی زمین یا گملوں، ڈبوں، پلاسٹک کی بوتلوں اور لکڑی کے کریٹس میں کاشت کی جاسکتی ہیں۔ صحت کے حوالے سے گھریلو باغیچے کے کئی فوائد ہیں۔
طبی اور غذائی فائدے: سبزیوں کو ان کی غذائی و طبی افادیت کی بنا پر حفاظتی غذا کہا جاتا ہے۔ کیونکہ ان میں صحت کو برقرار رکھنے اور جسم کی بہترین نشوونما کیلئے تمام ضروری غذائی اجزا مثلاً نشاستہ، لحمیات، حیاتین اور نمکیات وغیرہ وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ان کا متوازن استعمال جسم میں مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے اور معدے کی تیزابیت کو ختم کرتا ہے۔
باغبانی ایک زبردست مشغلہ ہے جو انسان کی جسمانی، روحانی اور ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ یہ عمدہ جسمانی ورزش ہے جو وزن گھٹاتی اور صحت بڑھاتی ہے۔ وزن کی زیادتی بذاتِ خود کئی بیماریوں کا پیش خیمہ ہوتی ہے۔ گھر میں اْگنے والی بہت سی سبزیاں انسان کی کئی غذائی ضروریات پوری کرتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں پچاس فیصد سے زیادہ حاملہ خواتین فولاد کی کمی کے باعث خون کی کمی کا شکار ہوتی ہیں جبکہ فولاد سبزیوں میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ گھریلو باغیچہ غذائی کمی کے مسئلے کا بہترین حل ہے۔ علاوہ ازیں رنگ برنگی سبزیوں کے پودے گھروں کی آرائش، ماحول کی خوبصورتی اور ذہنی سکون میں اضافہ کرتے ہیں۔
ماحول اور موسم میں بہتری کا ذریعہ: قدرت نے بہت سے ایسے پودے پیدا کئے ہیں جن سے مختلف زرعی اور ماحولیاتی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں اور جدید تحقیق کے مطابق انہیں گھریلو باغیچے میں باآسانی اگایا جاسکتا ہے مثلاً پودینہ جوکئی اقسام کے کیڑے مکوڑوں سے نجات کیلئے بے مثال ہے۔ پودینہ کھانے کے جہاں کئی فوائد ہیں، وہیں اس کی خوشبو مکھی، مچھر کو بھگانے میں کارآمد ہے۔ جس کمرے میں اس کا گملا رکھا ہو مچھر وہاں سے بھاگ جائے گا اور انسان ملیریا اور ڈینگی جیسے امراض سے بچ سکتا ہے۔