پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی ترغیب
حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے آج اسمبلی چناؤ میں پارٹی کے باغی امیدواروں سے ملاقات کی اور انہیں پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری کی ترغیب دی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 10 اسمبلی حلقہ جات میں ٹکٹ سے محروم قائدین نے باغی امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ایسے قائدین کو حیدرآباد طلب کرتے ہوئے مانک راؤ ٹھاکرے نے ہائی کمان کی جانب سے تیقن دیا کہ پارٹی برسراقتدار آنے پر مناسب عہدہ فراہم کیا جائے گا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے سی پی آئی کے سینئر لیڈر چاڈا وینکٹ ریڈی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے پروفیسر وشویشور راؤ سے انتخابی حکمت عملی پر بات چیت کی۔ دونوں پارٹیاں انتخابی مہم میں کانگریس کے ساتھ شریک ہوں گی۔