بافندوں کی ترقی کیلئے حکومت کے کئی کارنامے

   

Ferty9 Clinic

سرسلہ میں پاور لومس کے معائنہ کے موقع پر کے ٹی آر کی میڈیا سے بات چیت
گمبھی راؤ پیٹ۔/21 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ ہی نہیں بلکہ ریاست تلنگانہ کے بافندوں کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات منفرد ہیں۔ ریاست کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بنکروں کے معاشی سدھار کیلئے نت نئی اسکیمات کو روبہ عمل لاکر ممکنہ مدد کی۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی سرسلہ کے ٹی راما راؤ نے الکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے سرسلہ میں کیا۔ قبل ازیں انہوں نے کپڑا بنکر کے مشینوں اور پاور لومس کا بھی معائنہ کیا۔ بعد ازاں کیمپ ہاوز میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرسلہ کے بنکروں کے معاشی سدھار اور ان کی ترقی کیلئے بھی گزشتہ چار سال کے درمیان بہت کچھ کیا گیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرسلہ کے بنکروں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے 40 کروڑ 50 لاکھ میٹر کپڑے کا آرڈر دیا گیا جس کے لئے سرکاری طور پر 16 سو کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ سرسلہ کے بنکروں کو یونیفارم ، کرسمس، رمضان گفٹ، بتکماں ساڑی کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی۔ تاکہ علاقہ کے بنکروں میں معاشی سدھار آئے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے آنے سے قبل سرسلہ کے بنکر ماہانہ 7 تا10 ہزار روپئے کمائی کرتے تھے اب جبکہ ٹی آر ایس حکومت ہے وہ خاطر خواہ ماہانہ 10 تا25 ہزار روپئے کی کمائی کرتے ہوئے افراد خاندان کے ساتھ خوشحال زندگی گذاررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ کے بنکروں کو بتکماں ساڑیوں کی تیاری کے تحت نو سو کروڑ روپئے کا آرڈر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے اقتدار میں آتے ہی بنکروں کا قرض معاف کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر لحاظ سے بنکروں کو مالی امداد کررہی ہے تاکہ ان کی زندگی میں خوشحالی آئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے پاورلومس کو اپ گریڈ کرنے بھی منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن ارونا بھی موجود تھیں۔