بالانگر میں قتل کی واردات

   


حیدرآباد : /25 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ بالا نگر میں ایک قتل کا واقعہ پیش آیا جس میں 2 مزدوروں نے محض 400 روپئے کیلئے جھگڑا کیا جس میں ایک کا قتل ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ بی سرینواس جو نرساپور چوراہا بالانگر کے فٹ پاتھ پر زندگی گزارتا ہے اور وہ پیشہ سے مزدور ہے ۔ دو دن قبل سرینواس نے اپنے ساتھی مزدور کاشی رام اور دیگر کے ساتھ ملکر مزدوری کا ایک کام کیا اور جملہ 1200 روپئے کی مزدوری کے بجائے سرینواس نے کاشی رام کو 800 روپئے حوالے کیا ۔ 400 روپئے کیلئے دونوں میں بحث و تکرار ہوئی اور اتوار کی صبح دونوں کے درمیان پھر ایک مرتبہ جھگڑا ہوا اور کاشی رام جو برہمی میں تھا نے اچانک ساتھی مزدور سرینواس کو وہاں سے گزرنے والی تیز رفتار ٹرک کے نیچے ڈھکیل دیا ۔ حادثہ میں سرینواس برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس بالانگر نے موقعہ واردات پر پہنچ کر عینی شاہدین کا بیان قلمبند کیا اور قتل کا مقدمہ درج کرکے کاشی رام کو حراست میں لے لیا ۔