بالوں کو دینا ہے اسٹائلش لک

   

Ferty9 Clinic

خشک اور روکھے بالوں کیلئے ہر موسم ہی آزمائشی ہوتا ہے۔اگر انہیں بہت زیادہ نمی اور دھوپ سے نہ بچایا جائے تو یہ بے جان اور دو مونہے ہو جاتے ہیں۔ایسے بال شام کی تقریبات میں کھولے جائیں تب تو ان کا اسٹائل جچتا ہے اور یہ خوبصورت بھی نظر آتے ہیں جبکہ دن بھر پونی بنائے رکھنا ہی اچھا رہتا ہے لیکن یہی تدبیر ہی نقصان دہ بھی ثابت ہوتی ہے۔اپنے بالوں کی صحت کو جانچئے،انہیں سمجھنے کی کوشش ضرور کیجئے۔ شیمپو کا انتخاب کسی ہیئر اسٹائلسٹ سے کروائیں اور وقتاً فوقتاً اس سے مشورہ کرتی رہا کریں کہ نئی صورتحال میں کون سا شیمپو یا کنڈیشنر آپ کو سوٹ کرے گا۔احتیاط بعد کی کئی الجھنوں سے نجات دلا دے گی۔بالوں کو بہت زیادہ بلیچ کرنا ازروئے صحت درست نہیں۔اگر اسٹائل دینے والی کوئی کریم استعمال کر رہی ہوں تو اس کے اجزاء میں UV Filter کا شامل ہونا ضروری ہے اور یہی نہیں بلکہ گھر سے باہر نکلتے وقت اچھی کریم یا اسپرے لگانا زیادہ بہتر ہے۔ کیونکہ سورج کی شعاعیں بالوں پر اثر انداز ہو کر انہیں پتلا کرتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی قدرتی رنگت بھی تبدیل ہوتی ہے۔سیاہ گھنے بال رنگت تبدیل کر کے پتلے اور سیاہ مائل بھورے ہو سکتے ہیں۔دھوپ سے وٹامن D جذب ہو جاتا ہے لیکن اس کی مقدار بڑھ جائے تو نقصان بھی جھیلنا پڑتا ہے۔ بالوں کو پسینے سے کیسے بچایا جائے؟ اگر آپ اسکارف پہنتی ہیں تو پسینہ بہت زیادہ آتا ہے۔ خواہ آپ پونی ٹیل بنائیں یا چوٹی باندھیں۔بالوں کو سیدھے اسٹائل میں نہ تراشویا جائے۔پسینے سے بالوں میں Curl آتا ہے اور نمی کا تناسب بڑھ جائے تو Super Straight بال موزوں نہیں رہتے۔ ہمیشہ نیم گرم پانی سے سر دھوئیں، اگر مانگ بند کر کے ماتھے سے بال اٹھا کے پشت پر لے جا کر پونی بنائی جائے تو بالوں میں زیادہ نمی آتی ہے۔ماتھے اور آنکھوں کی حفاظت کے بعد مانگ سے ہوا کا گزر نہیں ہوتا۔بالوں کی قدرتی چمک اور صحت بحال رکھنے کیلئے کبھی کھولتے ہوئے گرم پانی سے سر نہ دھوئیں۔گرم پانی قدرتی پروٹین ضائع کر سکتا ہے۔بالوں کو کھلی ہوا میں سکھانا زیادہ بہتر ہوتا ہے تاہم اگر Diffuser استعمال کرنا ہی ہو تو کنڈیشنگ کریم کا استعمال بھی بہت ضروری ہے۔پروٹین پر مشتمل کنڈیشنر وقت کی ضرورت ہے۔یہ In-Shower کنڈیشننگ پروسیس ہے یعنی آپ کی کنڈیشننگ کریم یا لوشن میں چکنائی پروٹین کی شکل میں موجود ہو۔ دھوپ میں بہت دیر تک چلنے یا کھڑے رہنے سے بالوں کے کیوٹیکل نکل آتے ہیں۔اب تک آپ نے ناخنوں کے اطراف کیوٹیکل دیکھے تھے، لیکن جان لیجئے کہ بالوں کے کیوٹیکلز کو پروٹین یا تیل ہی ختم کر سکتا ہے۔دو شاخے بالوں کو ٹھیک کرنے کیلئے بھی آپ کو اضافی پروٹین درکار ہے۔ بالوں کی افزائش کیلئے سبز چائے کا ٹوٹکا ،رنگے جانے والے بالوں کو ہر روز دھونا مشکل ہے لیکن اگر پسینہ آ رہا ہے تو دھوئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہوتا۔ ایسے میں قدرتی نباتاتی اشیاء مثلاً سیکاکائی، ریٹھے اور آملے پیس کر ان سے سر دھوئیں۔اگر بال روغنی ہوں تو نارمل شیمپو کے بعد سبز چائے سے بال دھو کر قدرتی طریقے سے روغن متوازن کر لیں۔اگر آپ جڑوں میں PH Balance پر مشتمل کوئی ہیئر کریم یا لوشن لگاتی ہیں تو یہ بھی قدرتی روغن کو توازن میں رکھ سکتا ہے۔ اپنے اسٹائل کو محفوظ رکھیں۔فیشن تو آتے جاتے رہیں گے مگر آپ کی شخصیت کا تعارف آپ کے بال ہیں۔ ان کی خاص نگہداشت کریں، گھر سے باہر نکلتے وقت کاٹن کا اسکارف یا دوپٹہ ضرور سر پر اوڑھیں اور HeadBands کے علاوہ لچکدار پونی سے بالوں کو گردن سے قدرے بلند کر کے لپیٹ لیں۔خیال رہے کہ کانوں کے پشت کی جلد میں سختی یا تناؤ نہ آنے پائے۔یہ بھی نہ سوچیں کہ گرمیوں میں بالوں پر اسپرے نہیں کر سکتے یا میک اپ نہیں کرنا چاہئے۔میک اپ ضرور کریں تاکہ دلکش نظر آئیں۔ بالوں کو رنگین بینڈ سے لپیٹیں اور زندگی کی دلکشی اور رعنائی کو محسوس کریں۔اپنا حسن اجاگر کریں تاکہ آپ کی شخصیت کا ایک منفرد اسٹائل بنے اور آپ Up To Date کہلائیں۔ 30 سیکنڈوں کا ایک حل،اپنے بالوں کو چمکدار صحت مند اور توانا کرنے کیلئے میڈیم سائز کے رولرز لگائیں اور قدرے فاصلے پر رکھ کر Dryer چلائیں 30 سیکنڈوں کے بعد رولر کھول دیں۔کبھی کبھی بالوں کو اٹھا کے برش کرنا چاہئے تاکہ ان میں Body آئے۔دو شاخے بالوں کو تراش لیں۔خشک اور بے جان بالوں پر وہی اسپرے کریں جس میں UV Filter کی مقدار موجود ہو۔تیراکی کرنے والی خواتین اور بچیوں کو کلورین ملے پانی سے بچنا ضروری ہے، لیکن براہِ ر است دھوپ سے وٹامن D حاصل کرنے کی مقدار کا تعین بھی بہت ضروری ہے۔