بانسواڑہ میں بغیر اجازت خطرناک بلاسٹنگ ، ٹھیکیدار کی من مانی

   

پتھر گھروں میں گر رہے ہیں،مقامی افراد میں خوف ،حکام سے کارروائی کا مطالبہ
بانسواڑہ ۔ 12ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بانسواڑہ شہر کے وارڈ نمبر تین میں آر ڈی او دفتر کے عین پیچھے گنجان رہائشی علاقے میں ایک کنٹراکٹر کی جانب سے بغیر اجازت خطرناک بلاسٹنگ کی جا رہی ہے جس سے مقامی افراد سخت پریشانی اور خوف میں مبتلا ہیں۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقے میں پینے کے پانی کی واٹر ٹینک کی تعمیر کے لیے پچھلے کچھ دنوں سے کام جاری ہے۔ کھدائی کے دوران چٹانوں کو پھوڑ نے کے لیے گتہ دار ،کی جانب سے زوردار دھماکے کیے جا رہے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آس پاس درجنوں مکانات ہیں، گھروں کے سامنے معصوم بچے کھیلتے ہیں لیکن ٹھیکیدار بغیر کسی محکمہ کی اجازت اور بغیر حفاظتی اقدامات کے دھماکے کر رہا ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ پتھر اُچھل کر قریب کے گھروں کی چھتوں اور صحن میں آ کر گر رہے ہیں کسی بڑے حادثے کا اندیشہ ہے، اہل محلہ نے الزام لگایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو بارہا منع کرنے کے باوجود وہ باز نہیں آ رہا۔ اگر کسی بچے یا بزرگ کو پتھر لگ گیا تو اس کا ذمہ دار کون؟مقامی افراد نے ضلع کلکٹر اور آر ڈی او سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کر کے بغیر اجازت بلاسٹنگ کرنے والے کنٹراکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کو فوری روکا جائے۔