بانسواڑہ کا سرکاری یونانی دواخانہ لاپرواہی کا شکار

   

Ferty9 Clinic

دو سال سے ڈاکٹر غیر حاضر، ادویات کی سربراہی بند، حکومت کی چشم پوشی لمحہ فکر

بانسواڑہ /16 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بانسواڑہ کا مشہور معروف قدیم سرکاری یونانی دواخانے میں 2 سال سے ڈاکٹر غیر حاضر ہیں۔ عوام میں مایوسی پائی جائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے بموجب بانسواڑہ کا قدیم سرکاری یونانی دواخانہ تقریباً 60 تا 70 سالوں سے قائم ہے سابقہ میں بانسواڑہ تعلقہ کی عوام اس سے بھرپور استفادہ کرتی تھی جو آج حکومت اور سیاسی و سماجی قائدین کی لاپرواہی کی وجہ سے کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ اس دواخانہ میں 2 سال سے ڈاکٹر غائب ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں پر ادویات کی سربراہی بھی بالکل بند ہے ۔ یہ دواخانہ صرف اور صرف نام نہاد کیلئے کھولا جاتا ہے ۔ اس دواخانہ میں ایک خواتین کمپاونڈر اور ایک خاتون اٹینڈر خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ڈاکٹر کی عدم موجودگی کی وجہ سے مریض اپنا طبی علاج کروانے سے قاصر ہیں ۔ دواخانہ کی صورتحال دن بہ دن بگڑتے جارہی ہے ۔ جبکہ یہ دواخانہ بانسواڑہ سرکاری دواخانہ کے دامن میں موجود ہے ۔ اس پر کوئی توجہ دینے والا نہیں ہے ۔ جبکہ سیاسی قائدین اور حکومت کی جانب سے دوسرے دواخانوں اور دیگر عمارتوں کی ترقی و تعمیر کی جارہی ہے ۔ بڑے بڑے ڈاکٹروں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ لیکن بانسواڑہ کا قدیم سرکاری یونانی دواخانہ بالکل بوسیدہ اور خستہ حالی کا شکار بنا ہوا ہے ۔ جس پر کوئی توجہ دینے والا نہیں ہے ۔ عوام نے ہیلت افسروں ، ضلع کلکٹر اور سیاسی قائدین سے اپیل کی ہے کہ جلد سے جلد اس یونانی دواخانہ کیلئے فوری طور پر ڈاکٹر کا تقرر اور ادویات کو سربراہ کریں تاکہ غریب عوام اس دواخانہ سے رجوع ہوکر فائدہ حاصل کریں ۔