گمبھی راؤ پیٹ۔/21 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک بیٹے نے اپنے باپ کو تیسری شادی کرنے سے روکنے کیلئے واٹر ٹینک پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دی۔ یہ واقعہ آج صبح راجنا سرسلہ ضلع مستقر کے دودھیا نگر میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سرسلہ دودھیا نگر سے تعلق رکھنے والے چندرم نامی شخص کی پہلی بیوی کو دو اولادیں ہیں، چند سال قبل چندرم نے دوسری شادی کرلی تھی جو کسی ناگزیر وجوہات کی بناء پر چھوڑ کر چلی گئی۔ اس کے باوجود چندرم تیسری شادی کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے اس کی تیاری کررہا تھا جس کو روکنے کیلئے پہلی بیوی کے لڑکے سندیپ نے دودھیا نگر میں واقع پانی کی ٹانکی پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دی اور کہا کہ میرے باپ کی اس حرکت سے ہمارا سر شرم سے جھک جارہا ہے۔ تیسری شادی کے بعد میرا اور میری ماں کا آخر پرسان حال کون ہوگا؟ مجھے انصاف چاہیئے، یہ کہتے ہوئے اس لڑکے نے خودکشی کی دھمکی دی۔ جس کو پولیس نے بروقت سمجھاکر ٹانکی سے اُتارنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ نوجوان بیٹے کو پولیس نے انصاف دلوانے کا وعدہ کرتے ہوئے اس کے باپ کو تیسری شادی سے روکنے کا تیقن دیا۔ اس کے بعد زائد از دو گھنٹے تک جاری یہ واقعہ اختتام کو پہنچا۔
