باکسر لولینا سیمی فائنلز میں داخل

   

ٹوکیو۔ہندوستان کو باکسنگ میں بھی جشن منانے کا موقع ملا ہے جیساکہ مکے باز لولینا بورگوہین نے جمعہ کو چینی تائیپی کی چین نیئن چن کو 4-1 سے شکست دیکر ٹوکیو اولمپک کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک کے لئے کم ازکم برونز میڈل یقینی کرلیا۔یہ ان کھیلوں میں ہندوستان کا دوسرا میڈل ہے اور مکے بازی میں تیسرا میڈل ہے اس سے قبل لیجنڈ باکسر میری کام نے 2012 کے لندن اولمپک میں برونز اور وجیندر سنگھ نے 2008 کے بیجنگ اولمپک میں برونز میڈل جیتا تھا۔ ٹوکیو اولمپک میں اس سے قبل ویٹ لیفٹر میرا بائی چانو نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا ہے۔ٹوکیو 2020 کے سیمی فائنل میں پہنچ کر برونز میڈل یقینی بنانے والی ہندوستانی مکے باز لولینا کو فائنل میں پہنچنے کے لئے ٹاپ سیڈ یافتہ ترکی کی مکے باز بسے ناز سرمینیلی کا سامنا کرنا ہوگا۔دفاعی ورلڈ چمپئن بسے ناز کے خلاف لولینا کا یہ مقابلہ چہارشنبہ 4 اگست کو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلا جائے گا۔