بایاں بازو۔کانگریس اتحاد میں عباس صدیقی کی پارٹی شامل

   

مغربی بنگال میں اسمبلی الیکشن سے قبل نئی سیاسی شیرازہ بندی، کانگریس لیڈر ادھیر رنجن کا اعلان

کولکتہ: اسمبلی انتخابات سے قبل مغربی بنگال میں نئی سیاسی شیرازہ بندی ہورہی ہے جس میں صدر پردیش کانگریس ادھیر رنجن چودھری نے آج اعلان کیا کہ فرفرہ شریف کے عباس صدیقی کے نو تشکیل شدہ انڈین سیکولر فرنٹ کو لیفٹ فرنٹ ۔کانگریس اتحاد میں شامل کیا گیا ہے۔ چودھری نے کہا کہ بایاں بازو اور کانگریس پہلے ہی اسمبلی الیکشن کیلئے نشستوں کی تقسیم کی اپنی معاملت کو قطعیت دے چکے ہیں۔ اسمبلی چناؤ اپریل۔مئی میں منعقد شدنی ہے۔ لیفٹ فرنٹ چیرمین بمن بوس نے کہا کہ آنے والے 2021 اسمبلی انتخابات میں ہم لیفٹ فرنٹ ، کانگریس اور انڈین سیکولر فرنٹ پر مشتمل اتحاد کی حیثیت سے چناؤ لڑیں گے۔ جوائنٹ پریس کانفرنس میں وہ بھی کانگریس لیڈر چودھری کے ساتھ موجود تھے۔ ضلع ہوگلی کے فرفرہ شریف میں گزشتہ ماہ بااثر مسلم شخصیت عباس صدیقی نے آئی ایس ایف تشکیل دی تھی۔ انہوں نے آج کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ نئی سیاسی ترکیب آنے والے الیکشن میں فیصلہ کن طاقت ثابت ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نہ تو برسر اقتدار ترنمول کانگریس اور نہ ہی بڑی اپوزیشن بی جے پی نے ترقی کو زیادہ اہمیت دی ہے جبکہ دونوں ہی بڑے دعوے کرتے ہیں۔ چودھری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صرف آئی ایس ایف نہیں بلکہ آر جے ڈی اور کئی دیگر چھوٹی سیکولر پارٹیاں بھی اس اتحاد میں شامل کی جائیں گی۔